اقوام متحدہ میں پاکستان کا منظم جرائم کی روک تھام کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور
پاکستان نے اقوام متحدہ میں عالمی سطح پر ہونے والے منظم جرائم کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے جو قانون کی حکمرانی، اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کے…

پاکستان نے اقوام متحدہ میں عالمی سطح پر ہونے والے منظم جرائم کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے جو قانون کی حکمرانی، اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کے عالمی ایجنڈے کے حصول میں مسلسل رکاوٹ بن رہے ہیں۔
یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عامر خان نے سماجی انسانی اور ثقافتی امور کے بارے میں جنرل اسمبلی کی کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
کمیٹی کے اجلاس میں جرائم سے بچائو، مجرموں کو کٹہرے میں لانے اور مجرمانہ مقاصد کیلئے اطلاعاتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجیز کا استعمال روکنے کے بارے میں اظہار خیال کیا گیا۔
پاکستانی مندوب نے منظم جرائم سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے اجتماعی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ منظم جرائم کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ کیا جا سکے، اِن جرائم کے خلاف سماجی سطح پر اقدامات کئے جا سکیں اور سب کیلئے انصاف تک مساویانہ رسائی یقینی بن سکے۔


