جوڈیشل ٹاور موجودہ جگہ پر بنانے کی بھرپور کوشش ہوگی، ناکامی کی صورت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس ترجیح ہوگا: نواز خان بلوچ
جھنگ : ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے سالانہ انتخابات 2027ء کے صدارتی امیدوار محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری کے مینڈیٹ سے صدر منتخب ہونے کے بعد جھنگ…

جھنگ : ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے سالانہ انتخابات 2027ء کے صدارتی امیدوار محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری کے مینڈیٹ سے صدر منتخب ہونے کے بعد جھنگ میں نئے جوڈیشل ٹاور کا قیام موجودہ جگہ پر ہی کروانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی، جبکہ اس میں کامیابی نہ ہونے کی صورت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا قیام ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ اس مقصد کے لیے ہائیکورٹ اور حکومت پنجاب سے فنڈز کے حصول کی کوشش کی جائے گی، جبکہ وکلاء ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے بھی عملی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اپنی حمایت کا اعلان کرنے والے مختلف وکلاء گروپس سے گفتگو کرتے ہوئے نواز خان بلوچ نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد 15 روز کے اندر وکلاء اور بار کے تقدس کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ نوجوان وکلاء کی عملی تربیت کے لیے لیکچرز کا اہتمام، مختلف امور میں ان کی معاونت کے لیے مواقع کی فراہمی اور جائیداد کی رجسٹری بذریعہ کونسل کروانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء کے بچوں کو اہم تعلیمی اداروں میں 50 فیصد فیس پر داخلے کی سہولت دلوانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کیے جائیں گے اور وکلاء کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹس میں وکلاء کے لیے مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
نواز خان بلوچ نے اپنے سابقہ دور بطور سیکرٹری بار کے چھ ماہ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس دوران متعدد اجتماعی مسائل حل کرائے گئے اور کئی دیگر کاموں کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بار کے لیے وزیر اعظم پاکستان سے 20 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کروائی گئی، جبکہ بار میں 15 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹ تعمیر کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء چیمبرز کو رات کے وقت محفوظ بنانے کے لیے پہلی مرتبہ سٹریٹ لائٹس نصب کرائی گئیں، جنرل سیکرٹری کا دفتر تعمیر کروایا گیا جبکہ بار روم، لائبریری اور صدر بار کے دفتر میں ایل سی ڈیز بھی نصب کی گئیں۔
صدارتی امیدوار کے مطابق وکلاء ہاؤسنگ سوسائٹی کی رکنیت، جو طویل عرصے سے التواء کا شکار تھی، کا اجراء کروایا گیا، جبکہ بار میں کیفے ٹیریا بھی قائم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی ذاتی حیثیت میں تقریباً 4 لاکھ روپے کی لاگت سے تین الیکٹرک واٹر کولر نصب کرائے گئے، جن سے وکلاء اور سائلین استفادہ کر رہے ہیں۔
نواز خان بلوچ نے مزید بتایا کہ ضلع کچہری میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے کچہری فیڈر کو سول لائن فیڈر سے انڈسٹریل فیڈر پر منتقل کرنے کے لیے بھی وزیر اعظم سے 25 لاکھ روپے کی گرانٹ حاصل کی گئی۔
انہوں نے اپنے دیگر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر بار منتخب ہونے کی صورت میں وکلاء برادری کے مسائل کے حل، انہیں ممکنہ سہولیات کی فراہمی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔


