فیلڈ مارشل کا نئے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاری پر زور
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ نئے سکیورٹی خطرات اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح…

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ نئے سکیورٹی خطرات اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر صلاحیتوں میں اضافہ اور آپریشنل تیاری پر توجہ ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات آج تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے میں افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
فیلڈ مارشل کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت،عملی تیاری اور مشن کے مطابق تیاری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے جدید ترین خصوصی سازوسامان کا مظاہرہ بھی دیکھا اور ایک عملی مظاہرے کا مشاہدہ کیا جس میں خصوصی آپریشنز انجام دینے کے دوران ایس ایس جی کی جنگی مہارت، مستعدی اور خصوصی کارروائیوں کے دوران اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے فاتحہ خوانی کی۔


