نئے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ مسعود احمد نے عہدے کا چارج سنبھال لیا، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور لائسنسنگ نظام میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت
جھنگ: نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ مسعود احمد نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے ان کی آمد پر استقبال کیا اور انہیں…

جھنگ: نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ مسعود احمد نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے ان کی آمد پر استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
چارج سنبھالنے کے بعد ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر مسعود احمد نے ٹریفک پولیس کے افسران اور عملے کے ساتھ اجلاس کیا، جس میں ضلع بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، روڈ سیفٹی، حادثات کی روک تھام اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کو شفاف بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
مسعود احمد نے ہدایت کی کہ جھنگ کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنائی جائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے بالخصوص بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں، کم عمر ڈرائیوروں، تیز رفتاری اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر اور احترام سے پیش آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ شہریوں کے ساتھ نامناسب رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔
ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر نے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز اور موبائل لائسنسنگ یونٹس کے عملے کو بھی ہدایت کی کہ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور لائسنس جاری کرنے کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اہل اور تربیت یافتہ ڈرائیور ہی سڑکوں پر گاڑیاں چلائیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کو متحرک کرنے اور سکولوں، کالجوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔


