وزیراعظم کی اقتصادی استحکام اور ترقی کے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت
وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے تمام منصوبوں پر عملدرآمد یقین بنائیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو اسلام آباد میں ایک اجلاس…

وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے تمام منصوبوں پر عملدرآمد یقین بنائیں۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ملکی ترقی کیلئے پانچ سالہ معاشی لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آئندہ پانچ برس کیلئے معاشی روڈ میپ پیش کیا گیا جس میں مہنگائی میں کمی، غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے معیشت کے مختلف شعبوں کے تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جانی چاہئے۔
انہوں نے زراعت، لائیوسٹاک، ٹیکنالوجی، غیرملکی سرمایہ کاری اور چھوٹی اور بڑی صنعتوں کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عمل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات میں کمی لائے گی اور عوام کے پیسے کو ضائع نہیں کیا جائیگا۔وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شعبوں خصوصاً زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ان میں جدت سے آمدن اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری ملکیتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائیگی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معیشت کی ترقی کے لئے مجوزہ اقدامات پر تمام شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے۔


