وزارت اطلاعات و نشریات نے پاک افغان سرحدی واقعے سے متعلق افغان طالبان کا جھوٹا بیان مسترد کر دیا
وزارت اطلاعات و نشریات نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق افغان طالبان رجیم کے بیان کو جھوٹا، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ وزارت…

وزارت اطلاعات و نشریات نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق افغان طالبان رجیم کے بیان کو جھوٹا، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کے مطابق، انگور اڈہ سرحدی واقعے پر افغان طالبان کی جانب سے جھوٹا بیانیہ پیش کرنے کی تازہ کوشش ان کے فریب پر مبنی طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ افغان طالبان فورسز نے پاکستانی حدود میں غیر مسلح شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق، طالبان رجیم کی یہ بلااشتعال فائرنگ اس کے سرپرست بھارت کی ہدایات اور اس کے پراکسی عناصر کے طے کردہ طریقۂ کار کا تسلسل ہے۔
وزارت اطلاعات کے فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے افغان طالبان فورسز کی سات پوسٹیں تباہ کر دیں، جبکہ انہیں بھاری جانی و مادی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ طالبان رجیم کے نام نہاد سرکاری ترجمانوں کے جھوٹے اور بے وقعت بیانات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق، غیر نمائندہ طالبان رجیم اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔


