پاکستان آئی ایم ایف سے درمیانی مدت کے پروگرام پر بات چیت کر رہا ہے، وزیرخزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف سے نئے درمیانی مدت کے پروگرام پر بات چیت کر رہا ہے جس کا مقصد پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے…

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف سے نئے درمیانی مدت کے پروگرام پر بات چیت کر رہا ہے جس کا مقصد پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے پر معاونت کیلئے اسے راغب کرنا ہے۔
انہوں نے آج(بدھ) کو اسلام آباد میں عالمی درجہ بندی کے ادارے سٹینڈرڈ اینڈ Poor’s کے وفد سے ملاقات کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر نو ارب چالیس کروڑ ڈالر تک پہنچنے، سٹاک ایکسچینج کی شاندار کارکردگی اور مہنگائی کی شرح میں کمی کے رجحان کا حوالہ دیا جس کے تحت گزشتہ ماہ صارفین کیلئے قیمتوں کے اشاریے کی سطح بارہ اعشاریہ چھ فیصد رہی اور ترسیلات زر میں سات اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا۔
وزیر خزانہ نے ٹیکس کے دائرئہ کار کو بڑھانے کیلئے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی کیونکہ رواں مالی سال میں ختم ہونے والے مالی سال کے مقابلے میں تیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کثیرجہتی اداروں نے پاکستان میں مختلف منصوبوں کیلئے مالی معاونت کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
سٹنیڈرزاینڈ انٹرنیشنل پبلک فنانس کی ڈائریکٹر مزجی فارن فووا اور گلوبل کے اینڈریو ڈیوڈ نے حکومت پاکستان کے مالی اقدامات کو سراہا اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری کا اعتراف کیا۔


