جھنگ: فیصل حیات جبوآنہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سابق رکن صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی…

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سابق رکن صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات، شہری مسائل اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن، ڈی پی او ساجد حسین، سابق اراکین صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ، خالد غنی، محمد یعقوب شیخ، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر پیشرفت، منصوبوں کی تکمیل، فنڈز کے استعمال اور تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر فیصل حیات جبوآنہ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، تعمیراتی معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ناقص میٹریل یا غیر معیاری تعمیراتی کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی وسائل کے مؤثر استعمال اور تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی لانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ متعلقہ محکموں کو عوامی مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع میں تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


