پاکستان،آذربائیجان کا باہمی مفاد کے منصوبوں میں سرمایہ کاری2ارب ڈالرتک بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور آذربائیجان نے مختلف شعبوں میں باہمی مفاد کے منصوبوں میں سرمایہ کاری دوارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم…

پاکستان اور آذربائیجان نے مختلف شعبوں میں باہمی مفاد کے منصوبوں میں سرمایہ کاری دوارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک اس معاملے پر مزید تبادلہ خیال کریںگے اور امید ہے کہ ان کے آذربائیجان کے آئندہ دورے کے دوران دونوں ملک ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک نے باہمی تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے نگورنوکاراباخ کے معاملے پر ہمیشہ آذربائیجان کے موقف کی حمایت کی ہے اورآذربائیجان نے بھی اسی طرح کشمیریوں کے موقف کی تائید کی ہے جنہوں نے
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم نے باکو میں COP-29 کی میزبانی کیلئے تیاریوں پر آزربائیجان کے صدر اور ان کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کیلئے اس کانفرنس کا انعقاد نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
آذربائیجان کے صدر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سطح پر مضبوط شراکت داری قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔الہام علیوف نے کہا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور دفاع سمیت متعدد منصوبوں پر
بات چیت کے ساتھ ساتھ ہم نے ترجیحی تجارت کے لئے نو ابتدائی ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔
فریقین نے باکو اور پاکستان کے درمیان فلائٹس میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔


