ڈی پی او ساجد حسین کی خدمت مراکز کے سٹاف سے میٹنگ، شہریوں کو بروقت اور شفاف سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیرِ صدارت خدمت مراکز کے سٹاف کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خدمت مراکز کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے…

جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیرِ صدارت خدمت مراکز کے سٹاف کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خدمت مراکز کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او ساجد حسین نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پولیس سے متعلقہ سہولیات بلا تاخیر، شفاف اور باوقار انداز میں فراہم کی جائیں۔ خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ دارانہ رویے اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر خدمات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویری فکیشن، جنرل پولیس ویری فکیشن سمیت دیگر خدمات کی بروقت فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خدمت مراکز میں صفائی، نظم و ضبط اور تمام ضروری سہولیات کی دستیابی برقرار رکھی جائے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ عوامی شکایات اور مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خدمت مراکز پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا شہریوں کو معیاری اور بروقت خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔


