جھنگ چیمبر الیکشن: فرینڈز گروپ کا پاور شو، 152 ممبران کی حمایت کا دعویٰ، بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کرینگے، مقررین کا خطاب
گزشتہ شب باغ انصار میں جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلہ میں فرینڈز گروپ کی جانب سے چیمبر ممبران کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں چیمبر کے 152…

گزشتہ شب باغ انصار میں جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلہ میں فرینڈز گروپ کی جانب سے چیمبر ممبران کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں چیمبر کے 152 ممبران سمیت مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ،نو منتخب صدر جھنگ چیمبر سمال انڈسٹری اینڈ ٹریڈز کمانڈر صہیب فاروق ، معروف صنعت کار عمر خان ، معروف بزنس مین عمر رامے، حاجی ظفر اقبال، سابق صدر صرافہ ایسوسی ایشن، روٹری کلب جھنگ سینٹرل کے ممبران، سابق ناظم و چیمبر کی فعال رکن زرینہ شیخ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیر محل اور دیگر شہروں سے آنے والے کاروباری افراد، صحافیوں اور معززین شہر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرینڈز گروپ کے رہنماؤں اور امیدواروں نے اپنے سابقہ دور کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کی کوششوں سے جھنگ چیمبر کو اپنی عمارت، نادرا ایگزیکٹو آفس، پاسپورٹ آفس اور دیگر سہولیات کے حصول میں کردار ادا کیا گیا، جبکہ جھنگ کے تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے مختلف ممالک میں کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔ مقررین نے کہا کہ مستقبل میں جھنگ میں عالمی معیار کی یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھی کوشش کی جائے گی، جہاں اہل اور مستحق طلبہ کو 75 فیصد تک اسکالرشپ فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
شیخ فواد اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے دوران ان کے گروپ نے شہر کو نہیں چھوڑا بلکہ شہریوں اور کاروباری طبقے کے ساتھ کھڑے رہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ان نے کہا کہ موبائل فون، پاسپورٹ آفس، نادرا آفس، بائی پاس اور دیگر منصوبوں کے حصول میں بھی ان کے گروپ نے کردار ادا کیا۔ انہوں نے مخالف گروپ کے دعوؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ کے عوام خود جانتے ہیں کہ کس نے شہر اور تاجر برادری کے لیے کیا کام کیا۔
شیخ نواز اکرم نے کہا کہ چیمبر ممبران کے لیے مختلف ممالک میں کاروباری روابط اور مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور مستقبل میں بھی تاجروں کے کاروبار کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’ٹرپل شاہ‘‘ کا خطاب بھی دیا۔
فرینڈز گروپ کی جانب سے ان کے کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدواروں اور جھنگ کی معروف کاروباری شخصیات نے بھی خطاب کیا اور تاجر برادری سے فرینڈز گروپ کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 2026-28 کے انتخابات میں فرینڈز گروپ بھاری مارجن سے کامیاب ہوگا۔
تقریب میں شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ فرینڈز گروپ کے امیدواروں اور حامیوں نے چیمبر انتخابات کے سلسلہ میں اپنی انتخابی مہم جاری رکھنے اور تاجر برادری سے رابطے مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


