پشاور میں نجی اسکول کی عمارت منہدم، 35 افراد جاں بحق، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ؛ امدادی کارروائیاں جاری
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور: پشاور کے علاقے دیر کالونی میں بارشوں کے باعث نجی اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہو گئی، جبکہ ہلاکتوں میں…

میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور: پشاور کے علاقے دیر کالونی میں بارشوں کے باعث نجی اسکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہو گئی، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور ایک خاتون ٹیچر بھی شامل ہیں، جبکہ 17 زخمی بچے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق اب تک 33 لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال جبکہ دو لاشیں نصیراللہ بابر اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 13 سال تک ہیں، جبکہ زخمی بچوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان محمد بلال کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور 16 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کا ایک فلور گرنے کے بعد گراؤنڈ فلور بھی منہدم ہو گیا۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب سیکریٹری تعلیم عنایت اللہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی (پیسا) کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ واقعے سے متعلق حقائق سامنے لائے جا سکیں۔


