پاکستان کافلسطین،اسرائیل تنازع میں زیادہ سے زیادہ تحمل کامظاہرہ کرنے پرزور
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے، دیرپا امن اور شہریوں کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا…

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے، دیرپا امن اور شہریوں کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے معاملے کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
ادھر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے انسانی جانیں بچانے اور مزید خونریزی سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تشدد پر انہیں گہری تشویش ہے۔
انہوں نے عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کے لئے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فریقین کو مزید کشیدگی بڑھانے سے روکنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے تحت مسئلے کے دیرپا حل کے لئے کام کرے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کا امن دو ریاستی حل میں پوشیدہ ہے جس میں 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا وعدہ کیا گیا ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو گا۔


