حکومت معاشی اصلاحات پر توجہ مرکوز کررہی ہے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت بڑے پیمانے پر معاشی اصلاحات پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ انہوں نے…

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت بڑے پیمانے پر معاشی اصلاحات پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کے ساتھ گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے آج (جمعہ) کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے مذاکرات کے موجودہ طریقہ کار پر باقاعدہ عملدرآمد کے ذریعے مثبت رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیا جس میں تجارت ، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلی پر توجہ مرکوز کی گئی ۔
اس سلسلے میں انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو اجاگر کیا جو پاکستان کے مختلف شعبوں میں تیزرفتار غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے قائم کی گئی ہے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے کئی اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ان میں غزہ اور بحیرہ احمر کی صورتحال، افغانستان میں پیش رفت اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کاکیس شامل ہے جیسے وزیراعظم کی جانب سے بھرپور انداز میں اٹھایا گیا۔
وزیراعظم کو ان کے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتاہے اورامید کرتاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عمل کو جاری رکھاجائے گا ۔


