راولپنڈی ٹیسٹ : انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے
راولپنڈی ميں تيسرے اور آخری ٹيسٹ ميچ کے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک انگلينڈ نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 24 رنز بنالئے اوراس کے تين کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ اس سے پہلے…

راولپنڈی ميں تيسرے اور آخری ٹيسٹ ميچ کے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک انگلينڈ نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 24 رنز بنالئے اوراس کے تين کھلاڑی آوٹ ہوئے۔
اس سے پہلے پاکستان نے آج(جمعہ) 73 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا کھيل دوبارہ شروع کيا اور 344 رنز بنائے۔ قومی ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی اننگز تین وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز سے شروع کی۔ کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل نے 16، 16 رنز پر دوسرے دن کےکھیل کا آغاز کیا۔
قومی بیٹر سعود شکیل نے اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی سنچری اسکور کی، انہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 14، صائم ایوب 19، کپتان شان مسعود 26، کامران غلام 3، محمد رضوان 25، سلمان علی آغا ایک ، عامر جمال 14 اور نعمان علی 46 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی نویں وکٹ سعود شکیل کی گری جو 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد زاہد محمود صفر پر پویلین لوٹ گئے اور یوں پوری ٹیم 344 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 344 رنزبناکر حریف ٹیم پر 77 رنز کی برتری حاصل کی۔
پنڈی ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے۔


