جھنگ: ڈی پی او ساجد حسین کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ، منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور کریمنل گینگز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچز کے انچارج افسران نے شرکت کی۔…

جھنگ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچز کے انچارج افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تمام تھانوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو کرائم کنٹرول کے حوالے سے مختلف اہداف سونپے گئے۔
ڈی پی او ساجد حسین نے افسران کو منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور بالخصوص کریمنل گینگز کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائیاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے عملی نتائج سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور فیلڈ میں مؤثر پولیسنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ کرپشن، غفلت یا اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور فرائض میں کوتاہی برتنے والے افسران و اہلکاروں سے بازپرس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کو فیلڈ میں رہ کر کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی اور شہریوں کے تحفظ کو اپنا نصب العین بنانا ہوگا۔
انہوں نے ایمرجنسی 15 کی موصول ہونے والی کالز پر فوری اور بروقت ریسپانس یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کالز پر کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر کی گنجائش نہیں۔ پولیس افسران شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی کو ترجیح دیں۔
میٹنگ کے دوران ڈی پی او ساجد حسین نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ تھانوں کی مجموعی کارکردگی، تفتیش کے معیار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کو مزید بہتر بنایا جائے۔


