محرم الحرام کے مقدس اور حساس ایام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کے خلاف سخت اور مؤثر مانیٹرنگ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع
محرم الحرام کے مقدس اور حساس ایام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جھنگ ساجد حسین نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کے خلاف سخت اور مؤثر مانیٹرنگ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سوشل میڈیا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی شرپسند عنصر کو امن خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔
ڈی پی او ساجد حسین نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی فرد کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی ذاتی سوچ یا نظریات کو نفرت انگیزی میں تبدیل کرکے معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا موجودہ دور کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، تاہم اس کا غلط استعمال امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ اس لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں ہر قسم کے آن لائن مواد کی مسلسل نگرانی کریں گی اور نفرت یا اشتعال انگیزی پر مبنی پوسٹس شیئر کرنے والوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں، غیر مصدقہ خبروں اور اشتعال انگیز مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور سوشل میڈیا کو نفرت پھیلانے کے بجائے بھائی چارے، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور معاشرتی امن کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔
ساجد حسین نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی پروگراموں کی سکیورٹی کے لیے جھنگ پولیس مکمل طور پر متحرک ہے اور جامع سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے تقدس اور امن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور کسی بھی شرپسند کو معاشرتی ہم آہنگی خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *