آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قطر کے وزیر داخلہ سے ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور…

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط اور تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کو مزید وسعت دینے اور پاکستان اور قطر کے تعلقات مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعتراف کیا۔


