نئے صوبوں کا قیام آئینی فریم ورک اور جامع اصلاحات کے تحت ہونا چاہیے، شہباز احمد گجر
جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بلاوجہ شور شرابا کیا جا رہا ہے، بظاہر…

جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بلاوجہ شور شرابا کیا جا رہا ہے، بظاہر یہ ساری سرگرمیاں پاکستانی عوام کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش معلوم ہوتی ہیں۔ صرف ریفرنڈم کرانے سے نئے صوبوں کا قیام ممکن نہیں اور نہ ہی آئینی عدالت کے کاندھے پر سوار ہو کر نئے صوبے بنائے جا سکتے ہیں۔
ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں چند نئے صوبوں کے قیام کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم اس کے لیے آئینی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے جامع منصوبہ بندی اور مناسب طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جلد بازی اور غیر ضروری تیزی کسی صورت نیک شگون ثابت نہیں ہوگی۔
شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس وقت ملک کو گڈ گورننس کے ساتھ معاشی، عدالتی، زرعی اور انتخابی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ ان شعبوں میں بنیادی اور مؤثر تبدیلیاں لائے بغیر نئے صوبوں کے قیام سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ ان کے مطابق پہلے عوام کو درپیش بنیادی مسائل حل کرنے اور نظامِ حکومت میں اصلاحات لانے پر توجہ دینی چاہیے۔


