آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کی تھانہ احمد پور سیال میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات
جھنگ: ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے تھانہ احمد پور سیال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات براہِ راست سنیں اور ان کے…

جھنگ: ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے تھانہ احمد پور سیال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات براہِ راست سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈی پی او جھنگ ساجد حسین، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔
آر پی او انعام الرحمن ملک نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری اور میرٹ پر ازالہ یقینی بنایا جائے اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے ساتھ پولیس پر ان کا اعتماد بھی مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانا اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
کھلی کچہری کے بعد آر پی او فیصل آباد نے زیر تعمیر نئے تھانہ احمد پور سیال کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ نئے تھانے کو فعال کرکے شہریوں کو بہتر پولیس سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


