جھنگ: ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس، پٹرولنگ پولیس اور ریسکیو 1122 کا مشترکہ لائحہ عمل تیار
جھنگ: حکومتِ پنجاب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر ضلع جھنگ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور حادثات کی صورت میں فوری امدادی…

جھنگ: حکومتِ پنجاب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر ضلع جھنگ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور حادثات کی صورت میں فوری امدادی اقدامات یقینی بنانے کے لیے تینوں متعلقہ اداروں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ مسعود احمد، ڈی ایس پی پٹرولنگ پولیس جھنگ جاوید احمد ڈھڈھی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جھنگ سلطان احمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں تینوں اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کاری، حادثات کی صورت میں بروقت رسپانس اور ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سڑکوں پر قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
شرکاء نے روڈ انجینئرنگ کے حوالے سے حادثات کے حساس مقامات (بلیک سپاٹس) کی نشاندہی، سڑکوں کی بہتری اور ضروری حفاظتی نشانات کی تنصیب کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ شہریوں میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، تیز رفتاری سے اجتناب اور لین ڈسپلن کی پابندی سے متعلق روڈ سیفٹی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنی اور دوسروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اصولوں کو اپنائیں تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔


