امریکہ اور ایران کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران دونوں کو 'اسلام آباد مفاہمتی یادداشت' کا احترام کرنے اور اس پر عمل درآمد کے لیے قائل کرنے کی کوششیں جاری رکھے…

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران دونوں کو ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ کا احترام کرنے اور اس پر عمل درآمد کے لیے قائل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
یورونیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے ان سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا جن کے نتیجے میں جون میں امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کاوشیں ترک نہیں کیں، کیونکہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان کثیرجہتی نظام پر یقین رکھتا ہے اور موجودہ حالات میں کسی ایک بلاک یا یکطرفہ سیاست سے کام نہیں چلے گا۔ مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی سلامتی کے لیے ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا احترام ضروری ہے اور بھارت اسے یکطرفہ معطل نہیں کر سکتا۔ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔


