پاکستان کی لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران 25 فیصد اضافہ
اسلام آباد: پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں رواں کیلنڈر سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 2023ء کے بعد کسی بھی…

اسلام آباد: پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنیوں کے منافع میں رواں کیلنڈر سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 2023ء کے بعد کسی بھی سال کے نو ماہ کی مدت میں منافع کی سب سے زیادہ شرح نمو ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر کی آمدن میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو ملکی کاروباری سرگرمیوں اور معاشی صورتحال میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کاروباری شعبے اور برآمد کنندگان کے لیے ہدفی ٹیکس ریلیف، معاشی استحکام میں بہتری، مالیاتی دباؤ میں کمی اور مالیاتی، توانائی و کاروباری شعبوں میں جاری اصلاحات سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے اگلے مرحلے میں کارپوریٹ سیکٹر کے بڑھتے ہوئے منافع کو پیداواری سرمایہ کاری، صنعتی توسیع اور روزگار کے نئے مواقع میں تبدیل کرنا ضروری ہے تاکہ نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔


