ڈپٹی کمشنر جھنگ سے چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات، کاروباری مسائل، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
جھنگ: ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمان سے صدر جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیصل عباس اکیرہ کی قیادت میں چیمبر کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ضلع کی کاروباری برادری کو درپیش…

جھنگ: ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمان سے صدر جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیصل عباس اکیرہ کی قیادت میں چیمبر کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ضلع کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل، معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد ارسلان مقصود، نائب صدر فہد خالد، ایگزیکٹو ممبر عمران شہزاد جبکہ سینئر ممبران محمد عمر رامے اور شیخ مغیث بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وفد نے کاروباری طبقے کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ جھنگ میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور چیمبر آف کامرس کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمان نے وفد کی تجاویز اور کاروباری برادری کے مسائل میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سرکاری اداروں اور کاروباری طبقے کے درمیان مسلسل رابطہ شہر کی معاشی ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کے مثبت رویے اور جھنگ کی ترقی کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کو سراہا۔
اس سلسلے میں صدر چیمبر آف کامرس فیصل عباس اکیرہ جلد ہی ڈپٹی کمشنر کو اپنی ٹیم کے ہمراہ چیمبر آف کامرس کے دورے کی دعوت دیں گے، جہاں کاروباری برادری کی موجودگی میں ترقیاتی منصوبوں، تاجروں کو درپیش مسائل اور باہمی تعاون کے مزید امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور چیمبر کے درمیان یہ رابطہ جھنگ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور تاجر برادری کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔


