کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا دورہ جھنگ، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری محکموں کی کارکردگی اور ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا جائزہ
جھنگ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیاسی رہنماؤں، بار ایسوسی ایشن اور…

جھنگ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیاسی رہنماؤں، بار ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور شہری مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں انتظامیہ اور مختلف شعبوں کے نمائندوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور شہری مسائل کے بروقت حل کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کمشنر فیصل آباد نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو ضروری قرار دیا۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ، فیصل حیات جبوآنہ، محمد یعقوب شیخ، خالد غنی، امیر عباس سیال اور حذیفہ خان سیال نے شہری ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں، جن پر کمشنر نے متعلقہ ضلعی افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت بھی کی اور مختلف محکموں کے کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی عوامی توقعات سے بڑھ کر ہونی چاہیے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے دستیاب وسائل دانشمندی سے استعمال کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اقدامات اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔
کمشنر فیصل آباد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے او پی ڈی، مختلف وارڈز اور میڈیکل ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ وارڈز میں بیڈ شیٹس کی صفائی اور بروقت تبدیلی بھی چیک کی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات ان کے بیڈز پر فراہم کرنے کے لیے معاون عملے کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے، لہٰذا جھنگ کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی مریضوں اور ان کے لواحقین کو بیڈز پر ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
بعد ازاں کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں خدمات کے حصول کے لیے آنے والے درخواست گزاروں کی رہنمائی کے لیے مناسب مقامات پر رہنمائی بورڈز نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات، پبلک سروس ڈیلیوری اور ریکارڈ سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔
کمشنر فیصل آباد نے پولیس لائنز جھنگ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔


