وزیراعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کا کام مکمل ہونے تک تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔ انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے پیدا ہونے
وزیراعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کا کام مکمل ہونے تک تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔
انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔
شہباز شریف نے امدادی کارروائیوں میں مسلح افواج کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج لوگوں کو بچانے کیلئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں میں سات سو سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے جن میں چار سو سے زیادہ کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے جبکہ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ـدریائوں کے کنارے غیر قانونی تعمیرات اور گلیات میں جنگلات کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد ان مسائل پر غور کیلئے ایک اجلاس بلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہاتھوں سے ہونے والی تباہی ناقابل قبول ہے۔
چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ چین کا دورہ کریںگے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے ۔
اس موقع پر حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔
وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو تحلیل کرنے کی منظوری دی ہے۔
آج اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کے آپریشنز گزشتہ ماہ کی اکتیس تاریخ کو باضابطہ روک پر روک دیئے گئے تھے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کارپوریشن کے تحلیل ہونے کے پورے عمل کے دوران ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل ملازمین کی بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل قانونی اور ادارہ جاتی لائحہ عمل کے ساتھ شفافیت سے مکمل کیا گیا۔
کابینہ نے دوہزار بارہ کے خصوصی اقتصادی زونز ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی جس کا مقصد کاروبار دوست ماحول کے مزید فروغ کے ذریعے صنعتی ترقی میں اضافہ اور نئی سرمایہ کاری راغب کرنا ہے ۔
کابینہ نے یوریا کھاد کی قیمتیں مستحکم کرنے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا ۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *