وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے سو روزہ جامع ترقیاتی منصوبے کا اعلان کردیا
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ایک سو روزہ جامع ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد حکومت پر عوام کا اعتماد بحال کرنا اور پورے خطے…

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ایک سو روزہ جامع ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد حکومت پر عوام کا اعتماد بحال کرنا اور پورے خطے میں خدمات کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔
وہ آج مظفرآباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر کے لیے سو روزہ ترقیاتی منصوبے پر ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ حکومت اگلے سو دنوں میں صحت، تعلیم، ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے شعبوں پر مشتمل ترقی اور بہبود کے متعدد منصوبوں کا آغاز کرے گی۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکولوں اور ایک یونیورسٹی کے قیام پر وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے یقین ظاہر کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت عوام کو وعدے کے مطابق فوائد کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اس کے سو روزہ ترقیاتی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے بھرپور تعاون اور مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش اسکول کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرح کے تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مظفرآباد میں دانش اسکول یونیورسٹی کیمپس اور عوام کی سہولت کے لیے آسان خدمت مرکز کے قیام کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی نو منتخب حکومت شفاف اور مؤثر طرز حکمرانی یقینی بنائے گی اور عوامی خدمت کا ایک نیا معیار قائم کرے گی۔
انہوں نے پارٹی قیادت کے جوش و جذبے اور عزم کو سراہا اور کہا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے اور حکومت سے مشاورت کے لیے وقتاً فوقتاً آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔


