حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئی مراعات متعارف کرائے گی:اورنگزیب
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعادہ کیا ہے کہ حکومت پالیسی اقدامات متعارف کرانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جن سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرنے…

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعادہ کیا ہے کہ حکومت پالیسی اقدامات متعارف کرانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جن سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے یہ بات آج (جمعرات) اسلام آباد میں پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، سعودی پاک انڈسٹریل اور ایگریکلچرل انوسٹمنٹ کمپنی سمیت مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔محمد اورنگزیب نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت کا غیرمتزلزل عزم بھی ظاہر کیا۔انہوں نے معاشی ترقی میں پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور سعودی پاک انڈسٹریل اور ایگریکلچرل انوسٹمنٹ کمپنی جیسی مشترکہ منصوبوں کی کمپنیوں کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔انہوں نے غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری راغب کرنے میں ان منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او نے کمپنی کی کارکردگی اور پاکستان میں اس کے اہم اقدامات کے بارے میں مختصر جائزہ پیش کیا۔
اسی طرح سعودی پاک انڈسٹریل اینڈ ایگریکلچرل انوسٹمنٹ کے سی ای او نے اسلامی مالیاتی نظام، تحفظ خوراک، ڈیجیٹل فنانس، تجارت اور زراعت اور لائیوسٹاک کے فروغ کے لئے ملک میں کمپنی کے بڑے ترقیاتی اقدامات کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔دونوں کمپنیوں نے اپنی کامیابیوں اور مسائل کے بارے میں بتایا اور ان شعبوں کو اجاگر کیا جن میں ان کے امور کی انجام دہی میں رکاوٹوں پر قابو پانے کے لئے پالیسی تعاون کی ضرورت ہے۔بات چیت میں ترجیحی شعبوں کی معاونت کے لئے حکومتی سطح پر مزید اقدامات کے ذریعے مستقبل کی سرمایہ کاری اور اشتراک عمل کے لئے اہم شعبوں پر بھی توجہ دی گئی۔وزیر خزانہ نے دونوں کمپنیوں خصوصاً چند سال میں اپنے اہداف کے حصول کیلئے سعودی عرب کے ویژن 2030ء پر عملدرآمد کی حکمت عملی کو سراہا۔


