صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی دھواں دار بیٹنگ، پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی
پاکستان نے کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ قومی…

پاکستان نے کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 89 رنز اسکور کیے، جبکہ معاذ صداقت نے صرف 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فخر زمان 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، حسن نواز نے ایک اور صائم ایوب نے 8 رنز بنائے، جبکہ شاداب خان کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ خواجہ نافع نے چھکا لگا کر پاکستان کو فتح دلائی۔ وہ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد عمران بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ واپس آئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، تاہم مہمان ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی اور صرف 18 رنز پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ اس موقع پر تیسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت نے اننگز کو سہارا دیا اور سری لنکن ٹیم نے دوبارہ مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر لاہیرو اودارا نے پاکستانی بولرز کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور 55 گیندوں پر 91 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری مکمل نہ کر سکے۔ کمندو مینڈس نے 23 جبکہ داسن شناکا نے 15 رنز بنائے۔ سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عمران رندھاوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ رضااللہ، صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی ہے اور پاور پلے میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانا ٹیم کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے چند اہم کھلاڑی انجری کے باعث دستیاب نہیں، تاہم نئے کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ رضااللہ اور عمران رندھاوا اس میچ میں اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔


