جھنگ: ریت لے جانے والی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھانپنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات
جھنگ: سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں کی حفاظت اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ریت لے جانے والی ٹرالیوں کو ترپال سے مکمل طور پر ڈھانپنے کے اقدامات…

جھنگ: سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں کی حفاظت اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ریت لے جانے والی ٹرالیوں کو ترپال سے مکمل طور پر ڈھانپنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو ریت کی ترسیل کرنے والی ٹرالیوں کی نگرانی کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ دورانِ سفر ریت کو ترپال سے مکمل طور پر ڈھانپا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد ریت کے ذرات کو ہوا میں اڑنے اور سڑکوں پر گرنے سے روکنا ہے تاکہ موٹر سائیکل سواروں، گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں اور دیگر مسافروں کو ممکنہ حادثات اور مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ریت کے کھلے عام نقل و حمل سے نہ صرف فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ سڑکوں پر پھسلن اور دیگر حادثات کا خدشہ بھی پیدا ہوتا ہے۔
خصوصی ٹیمیں ضلع بھر میں ریت بردار ٹرالیوں کی چیکنگ کریں گی اور ترپال کے استعمال کو یقینی بنائیں گی۔ اس اقدام کے تحت تمام ریت بردار ٹرالیوں کو مکمل طور پر ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ سڑکوں پر محفوظ سفر اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔


