وسطی پنجاب کا مجوزہ دارالحکومت جھنگ کو بنایا جائے، ڈاکٹر عبدالجبار خان
جھنگ: ترقی پسند جھنگ کے چیئرمین اور کسان بورڈ پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالجبار خان نے مطالبہ کیا ہے کہ وسطی پنجاب کے مجوزہ صوبے کا دارالحکومت جھنگ کو بنایا جائے، کیونکہ جھنگ…

جھنگ: ترقی پسند جھنگ کے چیئرمین اور کسان بورڈ پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالجبار خان نے مطالبہ کیا ہے کہ وسطی پنجاب کے مجوزہ صوبے کا دارالحکومت جھنگ کو بنایا جائے، کیونکہ جھنگ اپنے جغرافیائی محلِ وقوع، تاریخی حیثیت اور دستیاب سرکاری اراضی کے باعث صوبائی دارالحکومت بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ایک بیان میں ڈاکٹر عبدالجبار خان نے کہا کہ وسطی پنجاب کے مجوزہ صوبے میں جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کو شامل کرنے کی تجویز زیرِ بحث ہے، اس لیے نئے صوبے کے دارالحکومت کے انتخاب میں تمام اضلاع تک رسائی، جغرافیائی توازن اور مستقبل کی انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق جھنگ وسطی پنجاب کا قدرتی جغرافیائی مرکز ہے اور شمالی و جنوبی پنجاب کے درمیان واقع ہونے کے باعث انتظامی مرکز کے لیے موزوں مقام ہے۔ اس کے علاوہ جھنگ کو خطے کے قدیم ترین اضلاع میں شمار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھنگ میں صوبائی دفاتر کے قیام کے لیے وسیع سرکاری اراضی موجود ہے، جہاں صوبائی ہائی کورٹ، صوبائی اسمبلی، سول سیکریٹریٹ، سرکاری محکموں کے مرکزی دفاتر، جدید تعلیمی ادارے اور رہائشی منصوبے قائم کیے جا سکتے ہیں۔ سرکاری زمین کی دستیابی کے باعث ایک جدید انتظامی شہر کی تعمیر نسبتاً کم اخراجات میں ممکن ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر عبدالجبار خان کا کہنا تھا کہ جھنگ ایک زرعی ضلع ہونے کے ساتھ صنعتی اور تجارتی ترقی کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ جس طرح فیصل آباد کو صنعت و تجارت کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہے، اسی طرح جھنگ کو بھی صنعتی اور تجارتی ترقی کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ جھنگ کو وسطی پنجاب کا انتظامی مرکز بنانے سے نہ صرف شہر کی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی بلکہ چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت ملحقہ اضلاع بھی ترقی کے عمل سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے اہلیانِ جھنگ، ارکانِ اسمبلی، انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، وکلا، ڈاکٹرز، اساتذہ، طلبہ، کسانوں، نوجوانوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے باشعور افراد سے اپیل کی کہ وہ اس مطالبے کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ انہوں نے سید محسن نقوی اور متعلقہ حکامِ بالا سے بھی مطالبہ کیا کہ وسطی پنجاب کے مجوزہ صوبے کا دارالحکومت جھنگ بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کسی سیاسی یا مذہبی جماعت، گروہ یا فرد کا ذاتی مطالبہ نہیں بلکہ جھنگ کے مستقبل، علاقائی ترقی اور عوامی احساسِ محرومی کے خاتمے سے جڑا ایک اجتماعی مطالبہ ہے۔ اگر منتخب نمائندے اس معاملے پر آواز نہیں اٹھاتے تو جھنگ کے عوام کو خود اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فیصل آباد صنعتی و تجارتی مرکز بن سکتا ہے تو جھنگ وسطی پنجاب کا انتظامی مرکز کیوں نہیں بن سکتا؟ جھنگ کا روشن مستقبل یہاں کے عوام کا حق ہے۔


