کرشنگ سیزن میں حادثات کی روک تھام، ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی شوگر ملز کو گنے کی ٹرالیوں پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
جھنگ: کرشنگ سیزن کے دوران شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی زیرِ صدارت شوگر ملز کے ذمہ داران سے اہم…

جھنگ: کرشنگ سیزن کے دوران شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی زیرِ صدارت شوگر ملز کے ذمہ داران سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ایس پی پٹرولنگ، ڈی ایس پی ٹریفک اور انچارج سکیورٹی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گنے کی ٹرالیوں کی محفوظ نقل و حرکت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سڑکوں پر حادثات کے امکانات کم کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
ڈی پی او ساجد حسین نے شوگر ملز کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ گنے سے لدی تمام ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز، مناسب لائٹس اور دیگر ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ رات کے وقت بھی انہیں دور سے باآسانی دیکھا جا سکے۔ انہوں نے ٹرالیوں کو شاہراہوں پر غیر ضروری طور پر کھڑا کرنے سے گریز کرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہونے دینے کی ہدایت بھی کی۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ اور غیر محتاط ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ گنے کی فصل کو کھیتوں سے شوگر ملز تک پہنچانے کا پورا عمل محفوظ بنایا جائے اور اس دوران کسی شہری کی زندگی خطرے میں نہ پڑے۔


